ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ریاستی خبریں / مدھیہ پردیش میں حکومت بنتے ہی 10 دنوں میں کسانوں کا قرض معاف کردیں گے: راہل گاندھی

مدھیہ پردیش میں حکومت بنتے ہی 10 دنوں میں کسانوں کا قرض معاف کردیں گے: راہل گاندھی

Mon, 15 Oct 2018 17:04:37  SO Admin   S.O. News Service

نئی دہلی،16؍اکتوبر (ایس او نیوز) کانگریس صدرراہل گاندھی کا کہنا ہے کہ مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی 10 دنوں میں کسانوں کا قرض معاف کردیا جائے گا۔ میں صرف ایک باروزیراعظم دفتر گیا ہوں، وہ بھی کسانوں کی قرض معافی کی بات کرنے، لیکن وزیراعظم خاموش رہے۔ انہوں نے کوئی جواب نہیں دیا۔ میں آپ سے کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کروں گا کہ میں آپ کے کھاتے میں 15 لاکھ روپئے ڈال دوں گا۔

راہل گاندھی پیرکے روزمدھیہ پردیش کے دتیا میں ایک تقریب کو خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال قبل ملک غریب تھا۔ یہاں روزگار نہیں تھا، سڑک نہیں تھی، کالج نہیں تھے، اسپتال نہیں تھے۔ ہندوستان کو یہاں تک پہنچانے میں کسانوں کا بڑا تعاون رہا ہے۔آج ہندوستان یہاں تک پہنچ گیا ہے کہ اوبامہ نے کہا تھا کہ صرف ہندوستان اورچین ہی امریکہ کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ وزیراعظم نریندر مودی نے 15 اگست کی تقریرمیں کہا تھا کہ میرے وزیراعظم بننے سے قبل ملک سورہا تھا۔ ایسا کہہ کروہ کس کی توہین کررہے تھے-

راہل گاندھی نے کہا کہ کسان اپنا قرض معاف کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔ منموہن سنگھ نے کسانوں کا 70 ہزارکروڑ روپئے کا قرض معاف کیا تھا۔ میں صرف ایک باروزیراعظم دفتر گیا، ریکارڈ چیک کرلو آپ، میں کسانوں کی بات کرنے گیا تھا۔ میں نے کسانوں کا قرض معاف کرنے کی بات کہی، لیکن وزیراعظم کے منہ سے ایک لفظ بھی نہیں نکلا۔ مدھیہ پردیش میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی 10 دن میں کسانوں کا قرض معاف کردیا جائے گا۔


Share: